کولکاتا، 26/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) جیسا کہ توقع کی گئی تھی، گردابی طوفان ’دانا‘ جمعرات کی رات اڈیشہ کے ساحل پر پہنچا، جس کے بعد تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوا۔ اس دوران متعدد مقامات پر تباہی کے مناظر دیکھنے میں آئے، جس کے نتیجے میں اڈیشہ اور مغربی بنگال میں کئی درخت گر گئے اور متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ مغربی بنگال میں ایک ہلاکت کی خبر بھی موصول ہوئی ہے۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ اڈیشہ اور مغربی بنگال کی ریاستوں میں پہلے سے ہی احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی تھیں، جس کی وجہ سے لاکھوں لوگ اس طوفان کی شدت سے بچنے میں کامیاب رہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اڈیشہ اور مغربی بنگال میں کئی مقامات پر بجلی کے کھمبے اور درخت اکھڑ گئے۔ لاکھوں ہیکٹیئر کی فصلیں تباہ ہونے کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔ بڑی تعداد میں کچے مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ حالانکہ اب ’دانا‘ کا اثر کم ہوتا جا رہا ہے۔ اڈیشہ کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد ہی گردابی طوفان کی رفتار دھیرے دھیرے کم ہونے لگی جس سے اڈیشہ کے ساتھ ساتھ مغربی بنگال کی حکومتوں نے بھی راحت کی سانس لی۔
ہندوستانی محکمہ موسمیات نے اپنے ایک ’ایکس‘ پوسٹ میں لکھا ہے کہ گردابی طوفان ’دانا‘ گزشتہ 6 گھنٹوں کے دوران 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ساتھ شمال مغرب کی طرف بڑھ رہا ہے۔ آئی ایم ڈی نے یہ بھی کہا کہ یہ کمزور ہو گیا ہے اور ہوا کی رفتار 65-55 کلومیٹر فی گھنٹہ سے 75 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہے۔ اس کے شمالی اڈیشہ میں مغرب کی طرف بڑھنے اور 12 گھنٹے کے دوران مزید کمزور ہونے کا امکان ہے۔
ہندوستانی محکمہ موسمیات کے سینئر سائنسداں ڈاکٹر سومناتھ دتہ نے جمعہ کے روز گردابی طوفان کے ممکنہ اثرات کے بارے میں تفصیل سے بات کی۔ انھوں نے کہا کہ کچھ ضلعوں میں ایک دو دن بارش ہو سکتی ہے، کچھ علاقوں میں گردابی طوفان کا اثر کم دیکھنے کو ملے گا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ کئی ضلعوں میں آئندہ دنوں میں بھاری بارش دیکھنے کو مل سکتی ہے، لیکن ہمیں اس سے زیادہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ڈاکٹر سومناتھ کا کہنا ہے کہ ’’یہ سنگین گردابی طوفان شمال-شمال مغرب سمت میں بڑھتے ہوئے اڈیشہ کے ساحل کو پار کر چکا ہے۔ اس کے لینڈ فال کا عمل جمعرات کی شب 11.30 بجے شروع ہوا اور جمعہ کی صبح 7 بجے ختم ہو گیا۔ گردابی طوفان اب شمال-شمال مغرب کی طرف بڑھ رہا ہے۔‘‘
اس درمیان اڈیشہ کے وزیر اعلی موہن چرن مانجھی نے گردابی طوفان سے متعلق کہا کہ ’’اڈیشہ اب محفوظ ہے۔ گردابی طوفان کے پہنچنے کے بعد میں نے حالات کا جائزہ لیا اور ٹیم ورک کے سبب ہم صفر ہلاکت دیکھ رہے ہیں۔ ہم نے 8 لاکھ لوگوں کو خطرہ والے علاقوں سے نکالا تھا۔ بہت سے راحتی مراکز کھولے گئے جس میں لوگ جمع ہیں۔ بجلی کے تاروں کی مرمت کا کام چل رہا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’لگاتار بارش کے سبب 1.75 لاکھ ہیکٹیر میں کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔ بدھ بلنگا ندی میں سیلاب آ گیا ہے لیکن وہ خطرے کے نشان سے نیچے بہہ رہی ہے۔‘‘
دوسری طرف مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے جمعہ کے روز کولکاتا میں کہا کہ ریاست میں گردابی طوفان ’دانا‘ کے سبب ایک شخص کی موت ہو گئی، حالانکہ انتظامیہ نے نشیبی علاقوں سے تقریباً 2.16 لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’مجھے مختلف اضلاع سے جانکاری ملی ہے۔ جنوبی 24 پرگنہ ضلع کے ساگر جزیرہ، ڈائمنڈ ہاربر، شمالی 24 پرگنہ ضلع کے سندیش خالی جیسے مقامات پر نشیبی علاقے زیر آب ہو گئے ہیں۔ بنگاؤں اور بشیر ہاٹ سب ڈویژن میں آبی جماؤ کی اطلاع ملی ہے۔‘‘ ضلع انتظامیہ کے ذریعہ دیے گئے شروعاتی اندازوں سے پتہ چلا ہے کہ مشرقی میدنی پور میں تقریباً 400-350 کچے مکانات متاثر ہوئے ہیں۔ تقریباً 250 درخت اکھڑنے اور 175 بجلی کے کھمبے گرنے کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں۔